دسمبر 24, 2025

Blog

اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 26 دسمبر 2025 کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کی کاپی تمام متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق 26 دسمبر کو غیر ملکی اعلیٰ سطح کے وفد کی آمد کے باعث عام تعطیل دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیل آئی سی ٹی انتظامیہ، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، پولیس، اور سرکاری اسپتالوں پر لاگو نہیں ہوگی، جبکہ دیگر سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ معزز مہمان کے شایانِ شان استقبال کے لیے اسلام آباد میں سکیورٹی اور انتظامی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق یو اے ای کے صدر کی آمد کے موقع پر اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان آمد پر معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔