
یمن کے دارالحکومت صنعا میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حوثی وزیراعظم احمد الراہوی ہلاک ہوگئے
یمن کے دارالحکومت صنعا میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حوثی وزیراعظم احمد الراہوی جاں بحق ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ حملہ صنعا کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر کیا گیا جس میں احمد الراہوی موجود تھے۔ حملے کے بعد علاقے میں شدید دھماکوں اور آگ بھڑکنے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔ یمنی حکام نے احمد الراہوی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ حوثی قیادت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی افواج نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ احمد الراہوی خطے میں اسرائیل مخالف کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ دوسری جانب حوثی رہنماؤں نے وزیراعظم کی ہلاکت کو "شہادت” قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس کے بعد اسرائیل کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
سیاسی ماہرین کے مطابق اس فضائی حملے کے بعد یمن اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی اس واقعے پر شدید ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔