محمد مقبول بٹ نے مقدس مقصد کے حصول کیلئے تختہ دار کو چوما، مگر ظلم کے آگے سر تسلیم خم کرنے سے انکار کیا، سید صلاح الدین احمد
مظفر آباد ۔۔
امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے شہید محمد مقبول بٹ کو تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ کا درخشاں باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبول بٹ نے ایسا راستہ دکھا گیا جس پر چل کر ہی آزادی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔
شہید کشمیر مقبول بٹ کے 42ویں یوم شہادت کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ شہید رہنما نے بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے سے نجات کے مقدس مقصد کیلئے تختہ دار کو قبول کیا، مگر ظلم کے آگے سر جھکانے سے انکار کر دیا۔ شہید مقبول بٹ ایک اعلی تعلیم یافتہ اور حریت پسند قائد تھے جنہیں بخوبی ادراک ہو چکا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کو کبھی بھی پرامن ذرائع سے حق خودرادیت واگزار نہیںکرے گا، اس کیلئے منظم اور مربوط مزاحمت ناگزیر ہے۔
عبدالرشید ترابی اور نذیر قریشی کا دورہ قطر ،ڈاکٹرقراداغی سے ملاقات،مسئلہ فلسطین وکشمیر المیہ قرار
سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ شہید مقبول بٹ نے روایتی جدوجہد کے بجائے آزادی کشمیر کیلئے عملی مزاحمت کا راستہ اپنایا اور کشمیری قوم میں نیا ولولہ اور شعور بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مسلسل بے حسی، مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکامی اور تاخیری حربوں کے باعث کشمیری عوام مایوسی کا شکار ہو رہے تھے ۔ان حالات میں شہید مقبول بٹ نے یہ جرات مندانہ اعلان کیا کہ آزادی مانگنے سے نہیں چھیننے سے ملتی ہے اور غلامی کے اندھیروں کو اپنے خون کے چراغ جلا کر ہی روشن کیا جا سکتا ہے۔چیئرمین متحدہ جہاد کونسل نے کہا کہ اگر حالات و واقعات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ تاریخ نے شہید مقبول بٹ کے اس موقف کی توثیق کر دی ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو پرامن اور جمہوری ذرائع سے حل کرنے پر آمادہ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ظلم و جبر کا سلسلہ ہمیشہ قائم نہیں رہتا۔ تاریخ اس حقیقت کی شاہد ہے کہ بالآخر جابر قوتوں کا خاتمہ ہوا اور محکوم قوموں نے آزادی حاصل کی۔ ان شا اللہ کشمیری قوم بھی ضرور اپنی آزادی کی منزل تک پہنچے گی۔
تقریب سے متحدہ جہاد کونسل کے جنرل سیکرٹری شیخ جمیل الرحمن،محمد عثمان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور شہید مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حصول منزل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر شہید مقبول بٹ اور تحریک آزادی کشمیرکے شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔