انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قانونی دشواری سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑی کو ایم ٹیگ لگوائیں اور مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے کے لیے حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر داخلہ کی ہدایات پر یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے جدید ٹیگ ریڈرز نصب کیے جا چکے ہیں، جو شہر کے مختلف انٹری پوائنٹس اور ناکہ جات پر فعال ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری سے ٹیگ ریڈرز کے فعال ہوتے ہی بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔
ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ایم ٹیگ کے اجرا کے لیے شہر بھر میں 16 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں اور تمام مراکز پر پراسسنگ تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق 14 نومبر سے اب تک تقریباً ایک لاکھ گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیا جا چکا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قانونی دشواری سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑی کو ایم ٹیگ لگوائیں اور مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں۔