
راولپنڈی میں نوکری کا جھانسہ دے کر گردے نکالنے والا گروہ گرفتار
راولپنڈی پولیس نے انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، جو نوکری کا جھانسہ دے کر شہریوں کو گردہ نکالنے کا نشانہ بناتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پیوند کاری میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کر لیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کارروائی تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے کی، جنہیں 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ایک مکان سے کسی کے چیخنے چلانے کی آوازیں آ رہی ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر ایک شخص کو اسٹریچر سے بندھا ہوا پایا، جسے فوری طور پر بازیاب کرا لیا گیا۔
درج ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شخص نے بتایا کہ اسے نوکری دینے کا وعدہ کر کے بلایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کو نشہ آور مشروب پلا کر نیم بیہوش کیا گیا، پھر اس کے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے۔ تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ان ٹیسٹوں کا مقصد متاثرہ شخص کے جسم سے گردہ نکالنا اور فروخت کرنا تھا۔
زمین پر قبضہ،قبرستان پر بلڈوزر چلانے سے انسانی ہڈیاں باہر نکل آئیں
گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت عاکف، نسیم، راکیش اور ساون کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق گروہ نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی شہریوں کو بھی نشانہ بنا چکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ گروہ کے دیگر ساتھیوں اور ممکنہ متاثرین کا بھی سراغ لگایا جا سکے گا۔