
دریائے چناب اور ستلج میں سیلاب، جنوبی پنجاب میں موٹروے اسٹرکچرز متاثر
اسلام آباد/جلال پور پیر والا (راجہ سہیل سرفراز) — دریائے چناب اور ستلج میں غیر معمولی سیلاب کے باعث جنوبی پنجاب میں متعدد حفاظتی بندوں میں شگاف پڑ گیا، جس کے نتیجے میں جلال پور پیر والا کے اطراف سیلابی پانی کے دباؤ نے موٹروے کے مختلف مقامات پر ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مطابق موٹروے کے نیچے پانی کے بہاؤ کے لیے مخصوص پوائنٹس پر بہاؤ معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم جانوروں کی گذرگاہوں پر پانی کا دباؤ موٹروے کے ڈھانچے کو متاثر کر رہا ہے۔ اب تک سیلابی پانی سے پانچ اسٹرکچرز مکمل طور پر جبکہ چار جزوی طور پر متاثر ہو چکے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ این ایچ اے متاثرہ ڈھانچوں کی مضبوطی کے لیے اسٹون پیچنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم اور وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات پر سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے خود متاثرہ مقام پر موجود ہیں، جبکہ جلال پور پیر والا کے مقام پر بحالی کی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
چیئرمین این ایچ اے نے کہا کہ کم سے کم وقت میں ایم فائیو موٹروے کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید ترین مشینری اور درکار مواد، بشمول پتھر، موقع پر مہیا کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق این ایچ اے کی پیشہ ور ٹیم بہترین صلاحیتوں کے ساتھ بحالی کے عمل میں مصروف ہے اور ادارے کی کوشش ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مزید پائیدار اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان کے مطابق این ایچ اے کا عملہ موٹروے کے دیگر مقامات پر بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہے۔