اسلام آباد ۔۔ روشن دین دیامری
آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوارالحق ایک دو دن کے مہمان ہیں ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے نمبر گیم پوری کرنے اور تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد موجودہ وزیراعظم نے خزانے پر جھاڑو پھیر دیا ۔حکومت کی تبدیلی سے قبل وزیراعظم آزاد کشمیر نے بڑے فیصلہ کرلیے ۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ایلیمنٹری اور جونیئر کمپیوٹر ٹیچرز کے گریڈز اپ گریڈ کر نے کی منظوری دے دی ۔ پندرہ ہزار 43 اسامیوں کو گریڈ 11 سے گریڈ 14 میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی ۔ محکمہ مالیات آزا دکشمیر نے 82 کروڑ 58 لاکھ روپے کے اخراجات کی منظوری دے دی۔ فیصلے سے آزاد کشمیر کے ہزاروں اساتذہ کو براہِ راست مالی فائدہ ہوگا۔ ایلیمنٹری اور ہائر ایجوکیشن محکموں کو فوری عمل درآمد کی ہدایت جاری کردی گئی
وزیراعظم چوہدری انور الحق حکومت نے جمع شدہ بجٹ کی بڑی رقم محکموں کو منتقل کر گئے۔ اپنی حکومت کے آخری ایام میں اچانک اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز مختلف محکموں میں تقسیم کر دیے۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق 27 اکتوبر کو محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں 12 ارب 16 کروڑ روپے کے فنڈز کی تقسیم کی منظوری دی گئی، جس میں سے 9 ارب 61 کروڑ روپے حکومتِ پاکستان کی جانب سے فراہم کیے گئے تھے، جبکہ 3 ارب روپے کا اضافہ محکمہ خزانہ آزاد کشمیر نے کیا۔اس سے قبل 27 اکتوبر کو ہی وزیراعظم نے اپنے آبائی ضلع بھمبر کے لیے محکمہ توانائی کے ڈیڑھ ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی تھی، جبکہ 28 اکتوبر کو مزید 3 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختلف محکموں میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے اعداد و شمار کے مطابق، اب تک 7 ارب 98 کروڑ 53 لاکھ روپے مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کو منتقل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 4 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مزید تقسیم کے لیے دستیاب ہیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ جون سے رُکی ہوئی سینکڑوں ترقیاتی اسکیمیں جن کی منظوری وزیراعظم دفتر سے مؤخر کی جا رہی تھی، وہ تمام فائلیں اب اچانک منظوری کے مرحلے میں پہنچا دی گئی ہیں۔