وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے، اسے محفوظ، صحت مند اور شرعی ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنا ہر عازم کی ذمہ داری ہے
وزارت مذہبی امور نے عازمینِ حج کے لیے نئی طبی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سنگین اور پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا افراد کو حج کے سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق آخری درجے کے سرطان جیسے مہلک مرض میں مبتلا افراد حج کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ اسی طرح شدید دل کے امراض، دل کی ناکامی، گردوں کی خرابی، دائمی سانس اور پھیپھڑوں کی شدید بیماری میں مبتلا افراد کو بھی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزارت نے مزید ہدایت کی ہے کہ جگر کے سنگین امراض میں مبتلا افراد بھی حج کی ادائیگی کے لیے روانہ نہ ہوں، کیونکہ دورانِ قیام صحت کی خرابی دیگر عازمین کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے خبردار کیا ہے کہ غلط یا جعلی طبی سرٹیفکیٹ جمع کروانے والوں کو سعودی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل اور درست طبی معلومات فراہم کریں۔
عازمینِ حج کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنا طبی سرٹیفکیٹ اور مکمل طبی ریکارڈ کی نقل سفر کے دوران اپنے ساتھ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے، اسے محفوظ، صحت مند اور شرعی ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنا ہر عازم کی ذمہ داری ہے۔