عمران خان کی آنکھوں کا پمز اسپتال میں معائنہ
اسلام آباد — بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر خاندان اور پارٹی قیادت کے درمیان اختلافات سامنے آ گئے ہیں، ذرائع کے مطابق اس معاملے پر باقاعدہ تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ بانی کی صحت کا معاملہ پارٹی نہیں بلکہ خاندان کا ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ صحت سے متعلق کسی قسم کی ملاقات یا اپڈیٹ جاری نہ کی جائے۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو بھی اس معاملے پر آڑے ہاتھوں لیا اور استفسار کیا کہ وہ کس حیثیت میں ڈاکٹروں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے بیرسٹر گوہر کو تنبیہ کی کہ آئندہ اڈیالہ جیل یا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں بانی کی صحت سے متعلق کوئی ملاقات نہ کریں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ بانی کی صحت سے متعلق پالیسی بیان صرف خاندان جاری کرے گا، پارٹی اس حوالے سے کوئی بیان دینے کی مجاز نہیں ہوگی۔
دوسری جانب پارٹی حلقوں میں اس پیش رفت کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم باضابطہ طور پر کسی رہنما کی جانب سے اس معاملے پر ردعمل سامنے نہیں آیا۔