حمید لون کے بیان پر حریت کانفرنس کا ردعمل
اسلام آباد ۔۔۔ دی مائنڈ ڈاٹ پی کے
آل پارٹیز حریت کانفرنس نے فرینڈز آف کشمیر نامی خود ساختہ تنظیم کے متعلق واضح کیا ہے کہ وہ حریت کانفرنس کا حصہ نہیں اور عبدالحمید لون کے بیان سے متعلق وضاحت ان سے یا ان کی تنظیم فرینڈز آف کشمیر سے طلب کی جانی چاہئیے عبدالحمید لون کا بیان ان کا ذاتی بیان ہے۔
حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد اور سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے ایک وضاحتی بیان میں اس امر کی دوٹوک انداز میں وضاحت کی ہے کہ حریت کانفرنس کی جانب سے ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کئے جانے والے تمام بیانات صرف اور صرف تنظیم کی مجاز اور آئینی قیادت یعنی کنوینر، جنرل سکریٹری یا سیکریٹری اطلاعات کی طرف سے جاری ہوتے ہیں۔ لہٰذا کسی بھی ایسے بیان، خبر یا مؤقف کو جو ان ذمہ داران کے علاوہ کسی اور ذریعے سے منسوب کیا جائے، ہرگز حریت کانفرنس کی پالیسی یا فورم کا موقف تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ تنظیم کی بنیادی اور غیر متزلزل پالیسی یہ ہے کہ وہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی داخلی سیاست میں براہِ راست مداخلت یا شمولیت اختیار نہیں کرتی۔ حریت کانفرنس اپنے دائرہ کار اور جدوجہد کو خالصتاً ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت تک محدود رکھے ہوئے ہے، جو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اصولِ انصاف کے عین مطابق ہے۔ تنظیم اپنی اس جدوجہد کو سیاسی، سفارتی اور عوامی سطح پر مختلف فورموں اور محاذوں پر منظم، پرامن اور مؤثر انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حریت کانفرنس اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازعہ ہونے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی عوام کے جذبات سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ اسی تناظر میں تنظیم نے یہ اصولی پالیسی اختیار کر رکھی ہے کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتیں، تنظیمیں اور طبقات فکر کشمیر کاز کے حوالے سے متحد اور یکسو رہیں۔ حریت کانفرنس ہر اس مثبت اور مخلصانہ کوشش کا خیرمقدم کرتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے لئے کی جائے۔
آزاد کشمیر کی ایکشن کمیٹی اور بھارتی فنڈنگ ۔۔ عبدالحمید لون کے سنگین انکشافات
حریت کانفرنس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے اصولی مؤقف، تنظیمی نظم و ضبط اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد کو ہر سطح پر جاری رکھے گی اور اس مقصد کے حصول تک کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
بیان میں فرینڈز آف کشمیر کے متعلق واضح کیا گیا کہ وہ حریت کانفرنس کا حصہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر کشمیر کے لئے کام کرنے والی ایک الگ تنظیم ھے اور عبدالحمید لون کے بیان سے متعلق وضاحت ان سے یا ان کی تنظیم فرینڈز آف کشمیر سے طلب کی جانی چاھئیے عبدالحمید لون کا بیان ان کا ذاتی بیان ہے
یاد رہے گزشتہ روز عبدالحمید لون نے ایک پوڈ کاسٹ کے دوران آزاد کشمیر کی ایکشن کمیٹی پر الزامات لگائے تھے ، جس پر عوام کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا جس کی وجہ سے حریت کانفرنس کو بھی وضاحت جاری کرنا پڑی کہ ان کا نہ حمید لون نہ ہی اس کی تنظیم سے کوئی تعلق ہے ۔ حمید لون کے گزشتہ جو انکشافات کیے تھے اس کی پوری تفصیلا ۔۔ دی مائنڈ ڈاٹ پی کے ۔۔ پر موجود ہیں ۔۔۔ قارین کیلئے اس کا لنک درج ذیل ہے ۔
آزاد کشمیر کی ایکشن کمیٹی اور بھارتی فنڈنگ ۔۔ عبدالحمید لون کے سنگین انکشافات