
مجھے کیوں نکالا۔۔ پی ٹی آئی سے نکالے جانے پررکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے خاموشی توڑ دی۔ کہا مشکل حالات میں پارٹی اور بانی کے ساتھ وفاداری نبھائی۔ میری جد وجہد پارٹی کے وقار اور مشترکہ وژن کیلئے ہے۔ کارکن اس ناانصافی کیخلاف آواز اٹھائیں ۔۔ دوسری طرف بیرسٹر گوہر کا حامی گروپ مروت کو بچانے کیلئے متحرک ہوگیا ۔ سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں شیر افضل کی پارٹی سے بے دخلی میں میرا عمل دخل نہیں ہے۔۔
شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے پر پی ٹی آئی میں اختلافات
بیرسٹر گوہر کا حامی گروپ مروت کو بچانے کیلئے متحرک جبکہ دیگر صفائیاں دینے میں مصروف
خود مروت نے بھی معاملے پر خاموشی توڑ دی ۔۔
شیر افضل مروت نے ٹویٹ میں لکھا کہ ہمشہ پی ٹی آئی اور بانی کے ساتھ وفادار رہا اور اصولوں پر کھڑا رہوں گا۔ حالیہ فیصلے سے سخت دکھ ہوا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ ان افراد نے کرایا جنہوں نے مجھے پارٹی میں قبول ہی نہیں کیا۔ پارٹی کے اندر کسی گروپ کے بجائے ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے ساتھ کھڑا ہوا۔ مجھے یقین ہے کہ پی ٹی آئی کے ورکرز جو انصاف کے لیے میرے ساتھ کھڑے ہوئے، وہ ٹھیک بات کے لیے آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔
دوسری طرف برسٹر گوہر نے معاملے پر پارٹی کے اندر اپنے ہم خیال رہنماؤں سے رابطہ کیا ۔۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا موقف یہ ہے کہ مروت کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ،جونہی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو معاملہ ان کے سامنے رکھیں گے۔۔
ادھر تحریک انصاف کے سیکرٹری جزل سلمان اکرم راجہ معاملے پر اپنی صفائیاں پیش کرتے رہے ۔ صحافیوں کے سوال پر کہا شیر افضل مروت کی پارٹی سے بے دخلی میں میرا عمل دخل نہیں ہے،یہ پارٹی کا اندرونی فیصلہ ہے
دوسری جانب سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے اڈیالہ میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ۔۔ ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا تاہم واپس جاتے وقت علی امین نے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کرلی