
گاڑیوں کی رجسٹریشن میں امریکی ماڈل اپنانے کا فیصلہ
اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں بڑی اصلاحات کرتے ہوئے امریکی ماڈل اپنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس انقلابی فیصلے کے تحت اب گاڑیوں کی رجسٹریشن نمبر پلیٹیں مالک سے منسلک ہوں گی نہ کہ گاڑی سے۔
ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب نئی رجسٹریشنز میں ملکیتی نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی، جو گاڑی کے بجائے مالک کے نام سے وابستہ ہوں گی۔ جب گاڑی کا مالک تبدیلی کرے گا، تو گاڑی کو نیا نمبر جاری کیا جائے گا جبکہ پرانا مالک اپنی نمبر پلیٹ اسلام آباد ایکسائز کو جمع کروائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سابقہ اور نئی دونوں رجسٹریشنز پر اس پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ سابقہ مالکان اپنے نمبر ایک سال تک غیر استعمال شدہ حالت میں اپنے نام پر برقرار رکھ سکیں گے۔ اگر ایک سال کے اندر وہ نمبر کسی نئی گاڑی پر استعمال نہ کیا گیا تو اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔
ڈی جی اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جاری کردہ اس اقدام کو شہریوں کی سہولت اور جدید رجسٹریشن نظام کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔