
بارشوں سےبجلی کے انفراسٹیکچر کو کتنا نقصان ہوا
آئیسکو رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، جہلم اور چکوال کے ہزاروں صارفین بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے۔ شدید بارشوں اور طغیانی نے درجنوں ٹرانسفارمرز، بجلی کے کھمبے اور تاریں تباہ کر دیں، جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی معطل رہی۔
جاری رپورٹ کے مطابق آئیسکو کے زیر اہتمام47ہائی وولٹیج پولز مکمل طور پر تباہ ہو گئے،چکوال میں پانچ فیڈر بری طرح تباہ ہوئے جب کہ سات ایل ٹی کھمبے اور سپلائی تاریں بھی پانی میں بہہ گئیں ، تلاگنگ، دھدیال، پی ڈی خان اور چکوال شہر میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہی۔
جہلم کے دومیل اور سنگوئی میں بجلی کی ترسیل منقطع ہو گئی ۔آئیسکو کے مطابق مکمل تفصیلات جمع کرنے میں وقت لگ رہا ہے کیونکہ بعض علاقوں میں رسائی بھی ممکن نہیں رہی۔ ریسکیو اور بحالی کا عمل جاری ہے، تاہم خراب موسم اور مسلسل بارشیں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔