
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سنٹانا ایجوکیشن کے بانی و چیئرمین ڈگ بیکر کی قیادت میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے وفد نے ملاقات کی
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سنٹانا ایجوکیشن کے بانی و چیئرمین ڈگ بیکر کی قیادت میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں تعاون، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ عالمی سطح پر مسابقتی میدان میں کامیابی حاصل کر سکیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملک میں تمام تعلیمی پالیسیاں نوجوانوں کو ہنر مندی کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہیں۔ اس سلسلے میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے پاکستان میں قائم کیے گئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
ڈگ بیکر نے اس موقع پر کہا کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی پاکستان میں تعلیمی شعبے میں جدت، تربیت اور وسائل کی فراہمی کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔