
ممبئی ائیرپورٹ مبشر لقمان کی زمین تھی
معروف صحافی، اینکر اور یوٹیوبر مبشر لقمان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ تاریخی دعویٰ زیر گردش ہے، جس کے مطابق ان کے والدین کی زمین پر بھارت کا مشہور ممبئی ایئرپورٹ تعمیر کیا گیا۔ یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لقمان خاندان نے بھارتی حکومت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی، مقدمہ جیتا، اور 1935 کے ایکٹ کے تحت انہیں 75 ہزار روپے بطور معاوضہ دیے گئے۔ تاہم، اس رقم کو بھارت سے باہر منتقل کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس دعوے کو خاصی توجہ دی جا رہی ہے، تاہم اب تک اس سلسلے میں کوئی سرکاری دستاویز، عدالتی فیصلہ یا قابلِ اعتبار ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ نہ ہی بھارتی حکومت یا ممبئی ایئرپورٹ اتھارٹی کی کسی سرکاری فائل میں اس بات کا ذکر موجود ہے۔
اس دعوے میں جس "1935 کے ایکٹ” کا ذکر کیا جاتا ہے، جو کہ ایک آئینی قانونی فریم ورک تھا، زمین سے متعلق معاملات کے لیے مخصوص نہیں تھا۔ اس لیے یہ بھی واضح نہیں کہ اس قانون کے تحت زمین کے معاوضے کی ادائیگی کیسے عمل میں آئی۔
تاہم مبشر لقمان ایک پوڈ کاسٹ میں اس بات کی تصدیق کرتے نطر آتے ہیں لیکن مبصرین کے مطابق یہ برصغیر کی تقسیم سے جڑی ایک اور ناقابلِ فراموش داستان ہو سکتی ہے، جو قیامِ پاکستان کے بعد ہزاروں مہاجرین کے اثاثوں سے جڑی تلخ یادوں کی نمائندگی کرتی ہے۔