
روہیت شرما اور ویرات کوہلی ون ڈے سے بھی ریٹائرڈ
بھارتی کرکٹ کے دو بڑے نام، ویرات کوہلی اور روہت شرما، ایک بار پھر ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی زد میں ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اسٹار کرکٹرز کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2027 کھیلنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز ان کی ممکنہ الوداعی سیریز ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کی طرح ون ڈے اسکواڈ بھی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل دیکھنا چاہتا ہے۔ ورلڈ کپ تک کھیلنے کے خواہشمند کرکٹرز کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ دسمبر میں وجے ہزارے ٹرافی کھیلیں، جبکہ اس سے قبل سال کے آغاز میں رانجی ٹرافی کھیلنے کی بھی ہدایت دی گئی تھی۔ کوہلی اور روہت رانجی ٹرافی کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کی نوجوانوں کو زیادہ مواقع دینے کی پالیسی کے باعث سینئر کرکٹرز ون ڈے فارمیٹ سے بھی دستبردار ہو سکتے ہیں۔ اگر ویرات کوہلی اور روہت شرما نے اس حوالے سے کوئی بیان نہ دیا تو اسے ان کی خاموش ریٹائرمنٹ سمجھا جائے گا۔
واضح رہے کہ دونوں کھلاڑی اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز اکتوبر میں شیڈول ہے۔