
اسلام آباد کے مقامی صحافی عبدالرزاق کو دھمکیاں
وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے رہائشی صحافی عبدالرزاق کو چند روز سے مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ایک نامعلوم شخص نے فون پر خوف زدہ کر دینے والے الفاظ میں کہا کہ تجھے اور تیرے بیوی بچوں سمیت قتل کر دوں گا،ذبح کر کے قتل کروں گا۔
صورتحال کی سنگینی اس وقت مزید بڑھ گئی جب آج پھر دوبارہ کال کرکے اسی شخص نے واضح دھمکی دی کہ تیرے اب دو دن رہ گئے ہیں… دو دن بعد قتل کر دوں گا، اور پھر تیرے معذور بیٹے کو بھی قتل کر دوں گا۔۔۔
بتایا جارہا ہے کرپشن، گن کلچر، قبضہ مافیا و عوامی مسائل پر آواز بلند کرنے والے صحافی کو سنگین دھمکیاں دی جارہی ہے ۔ عبدالرزاق کی جراتمندانہ رپورٹنگ اور سچائی پر مبنی مؤقف نے دشمن عناصر کو بوکھلا دیا ہے، جو اب ان اور ان کے خاندان کی جان کے درپے ہیں۔
یہ واقعہ آزادیٔ صحافت پر کھلا حملہ اور ایک خطرناک سیکیورٹی الارم ہے۔ صحافتی برادری وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری نوٹس لے کر دھمکیاں دینے والے درندہ صفت عناصر کو گرفتار کیا جائے اور صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔