مسجد دھماکے کے بعد ٹیکسی اور بائیک سروسز ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: شہر میں حالیہ مسجد دھماکے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہر کی سکیورٹی مضبوط کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بغیر رجسٹریشن ٹیکسی اور بائیکیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کریں اور تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کی معلومات جمع کرائی جائیں۔
سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو غیر رجسٹرڈ بائیک سروسز کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائیک کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے تحت ہوگی اور اسلام آباد پولیس کو اس کا مکمل ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔
ڈی سی نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کے بعد ڈرائیور مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپلوڈ کریں گے اور مسافر کا شناختی کارڈ نمبر درج کیے بغیر سواری لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کل سے باضابطہ رجسٹریشن کا عمل آغاز ہو جائے گا تاکہ شہریوں کی حفاظت اور ٹرانسپورٹ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔