24 ممالک میں 15 ہزار 953 پاکستانی قید ہیں
قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا کے 24 ممالک میں مجموعی طور پر 15 ہزار 953 پاکستانی قید ہیں۔
وزیر خارجہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ ان 24 ممالک میں سے صرف سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور کویت کے ساتھ پاکستان کے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے موجود ہیں، جبکہ باقی 21 ممالک کے ساتھ ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ پاکستانی قیدی سعودی عرب میں ہیں جن کی تعداد 10 ہزار 279 ہے، جبکہ یو اے ای میں 3 ہزار 523، قطر میں 599، بحرین میں 581، اور ملائیشیا میں 459 پاکستانی قید کاٹ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عراق میں 81، عمان میں 252 اور کویت میں 50 پاکستانی جیلوں میں موجود ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت قیدیوں کی رہائی اور منتقلی کے لیے معاہدوں اور سفارتی ذرائع کے ذریعے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔