
ہمایوں خان کا ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ کا دورہ
مانسہرہ ۔۔۔کاشف نوید
مشیر وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ برائے جیل خانہ جات ہمایوں خان نے ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ کا دورہ کیا۔ خیبر پختونخواہ کی تاریخ میں پہلی خاتون جیل سپرنٹنڈنٹ نگینہ محسود نے جیل آمد پر ان کا استقبال کیا۔
مشیر وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ ہمایوں خان نے جیل مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ایک ایک چیز کا بغور جائزہ لیا۔ جیل نظام کو دیکھا‘ قیدیوں سے ملے اور جیل کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ قیدیوں سے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ جیل میں جاری قیدیوں کے لیے ایجوکیشن سسٹم کا معائنہ کیا۔ قیدیوں کے لیے بنائی گئی جیل بارکوں کا معائنہ کیا۔
ہمایوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا انہوں نے لنگر خانے کا تفصیلی دورہ کرکے تمام چیزوں کو چیک کیا اور قیدیوں کے لیے ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ میں قائم اسپتال کا بھی دورہ کیا۔ مشیر جیل خانہ جات نے جیل کے اندر خواتین اور بچوں کے احاطہ کو بھی چیک کیا۔ جیل کے اندر قائم منشیات سے بحالی کے سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے بھرپور اطمینان کااظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے جیل کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ کو انہوں نے صوبہ کی بہترین جیل قرار دیا۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ جیل نگینہ محسود کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی واحد خاتون جیل ایڈمنسٹریٹر ہیں جو مردوں کی جیل کو احسن طریقہ سے چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگینہ محسود کی جہاں بھی پوسٹنگ ہوئی ہے وہ جیل صوبہ کی بہترین جیلوں میں شمار ہوئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزٹر بک پر سپرنٹنڈنٹ جیل نگینہ محسود کے لیے ایک تعریفی نوٹ بھی لکھا۔