
کشمیری طالبہ آمنہ خوشحال کا آرٹ کی دنیا قدم
راولپنڈی ۔۔۔ ماجد افسر
آزاد کشمیر کے علاقے دھیرکوٹ کی ہونہار آرٹسٹ آمنہ خوشحال نے راولپنڈی میں فن کے میدان میں دھوم مچا دی۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی نے خطاطی اور مصوری کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر کے نوجوان فنکاروں کے 80 فن پارے پیش کیے گئے۔
نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی پنجاب کی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان نے کیا جبکہ ڈاکٹر مہدی طاہری ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز افتخار علی شاہ، ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد شکور اور چیف ایگزیکٹو افضل آرٹ گیلری میاں افضل جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس نمائش میں تحصیل دھیرکوٹ (نتھگراں) سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت طالبہ آمنہ خوشحال نے اپنی دو شاندار پینٹنگز کے ذریعے حاضرین کو مسحور کر دیا۔
دھیرکوٹ جیسے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود آمنہ خوشحال نے اپنے ہنر اور محنت سے یہ ثابت کیا کہ ٹیلنٹ کسی سرحد یا شہر کا محتاج نہیں ہوتا۔ ان کے فن پاروں کو فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والے حلقوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔