ایئربلیو اپنے ایئربس 320 اور 321 طیاروں کو استعمال کرے گی جو ترکیہ میں ری فیولنگ کے بعد برطانیہ پہنچیں گے۔
پاکستان سے برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ برطانوی ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (یوکے ڈی ایف ٹی) نے نجی ایئرلائن ایئربلیو کو تھرڈ کنٹری آپریشن (TCO) لائسنس جاری کردیا ہے۔ اس لائسنس کے بعد ایئربلیو کو برطانیہ کے مختلف شہروں کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایئربلیو اپنے ایئربس 320 اور 321 طیاروں کو استعمال کرے گی جو ترکیہ میں ری فیولنگ کے بعد برطانیہ پہنچیں گے۔ ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستانی مسافروں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا کیونکہ برطانیہ کے لیے سفر میں آسانی پیدا ہوگی۔
دوسری جانب قومی ایئرلائن پی آئی اے اس لائسنس کے حصول میں ناکام رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو اس وقت طیاروں کی شدید کمی کا سامنا ہے جس کے باعث وہ برطانیہ کے لیے پروازیں بحال نہیں کر پارہی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فی الحال ان کے پاس پروازیں چلانے کی صلاحیت موجود نہیں۔
ایوی ایشن حلقوں کا کہنا ہے کہ ایئربلیو کی برطانیہ کے لیے پروازیں شروع ہونا پاکستان کی فضائی صنعت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس سے قومی ایئرلائن پر دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔