فاسٹ بولر عمر گل نے افغان ٹیم کا کوچنگ معاہدہ منسوخ کردیا
پاکستانی فاسٹ بولر اور ٹی 20 کرکٹ کے اسپیشلسٹ عمر گل نے ایک بار پھر وطن سے اپنی گہری وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنا کوچنگ معاہدہ ختم کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمر گل نے آنے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے افغان ٹیم کے ساتھ بطور بولنگ کوچ معاہدہ کیا تھا، تاہم حالیہ دنوں میں بھارت کے اشارے پر پاکستان میں حملے کی ناکام کوشش کے بعد انہوں نے افغان ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر گل نے یہ فیصلہ **’’وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے‘‘** کے جذبے کے تحت کیا اور قومی غیرت و حمیت کو کسی مالی فائدے پر ترجیح دی۔
واضح رہے کہ عمر گل ماضی میں بھی افغان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں اور ان کی کوچنگ میں افغان بولرز نے نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔ تاہم اس مرتبہ انہوں نے پاکستان کے مفاد اور خودداری کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی۔
عمر گل کے اس اقدام کو کرکٹ حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور شائقینِ کرکٹ نے ان کے حب الوطنی پر فخر کا اظہار کیا ہے۔