ملالہ کی محبت کی کہانی کا ایک اور ورق
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اپنی آنے والی سوانح عمری فائنڈنگ مائی وے میں پہلی بار اپنے شوہر عصر ملک کے ساتھ محبت، تعلق اور شادی سے قبل کے دلچسپ لمحات کا انکشاف کیا ہے۔ کتاب 21 اکتوبر کو شائع ہوگی اور اس میں ملالہ نے اپنی ذاتی اور جذباتی زندگی کے کئی پہلوؤں پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
28 سالہ ملالہ، جو دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے والی سب سے کم عمر نوبیل انعام یافتہ شخصیت ہیں، نے اپنی کتاب میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران کی زندگی، شہرت کے دباؤ اور اپنے تعلق کی ابتدا پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ برطانوی فیشن میگزین میں شائع ایک اقتباس کے مطابق، ملالہ نے بتایا کہ آکسفورڈ میں تعلیم کے دوران انہوں نے اپنی شہرت کی وجہ سے اپنے تعلق کو خفیہ رکھا، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ کوئی انہیں پہچان نہ لے۔
انہوں نے لکھا کہ “عصر کی آمد نے آکسفورڈ میں میرے تیسرے سمسٹر کی اداسی کو خوشیوں میں بدل دیا، مگر ہمارا رشتہ کسی فلمی کہانی کی طرح آسان نہیں تھا۔ مجھے ہر وقت یہ خدشہ رہتا تھا کہ کہیں کوئی ہمیں دیکھ نہ لے۔” ایک موقع پر وہ عصر ملک کے ساتھ چہل قدمی کر رہی تھیں جب ایک خاتون نے انہیں پہچان کر تصویر لینے کی کوشش کی۔ ملالہ کے مطابق وہ فوراً ایک جھاڑی کے پیچھے چھپ گئیں، جس سے عصر اور سیکیورٹی ٹیم دونوں گھبرا گئے۔
کتاب میں ملالہ نے ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا ہے جب وہ اپنے والدین سے تعلق چھپانے کے لیے گھر سے شلوار قمیض پہن کر نکلیں تاکہ والدہ مطمئن رہیں، مگر ریستوران پہنچ کر کپڑے بدل کر جدید لباس اور ہیلز پہن لیں۔ ملالہ لکھتی ہیں کہ جب وہ واپس میز پر آئیں تو عصر ملک مسکرانے لگے، اس نے کرسی کھینچی اور کان میں کہا: **“یو آر اے سیکس بم!”** ملالہ کے مطابق وہ شرم کے مارے چہرہ نیپکن کے پیچھے چھپا بیٹھیں۔
ملالہ نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار اپنے والد کو بتایا کہ وہ عصر کو پسند کرتی ہیں تو انہوں نے کہا، “ڈیڈ، مجھے وہ اچھا لگتا ہے… رومانی طور پر۔ لیکن آپ امی کو ابھی مت بتائیں۔” تاہم ان کے والد نے فوراً والدہ کو آگاہ کر دیا، جس پر ملالہ کی والدہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا، “بالکل نہیں! کیا وہ پشتو بولتا ہے؟ اسے پشتون لڑکے سے شادی کرنی چاہیے!” ملالہ کے مطابق ان کے والدین کو خدشہ تھا کہ یہ تعلق کسی اسکینڈل میں نہ بدل جائے، تاہم وہ اس رشتے کو ختم نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آکسفورڈ کی تعلیم مکمل کرنے کے دوران انہوں نے عصر سے کہا کہ “کیا ہم اپنے جذبات کو کچھ وقت کے لیے روک سکتے ہیں؟” جس پر عصر نے جواب دیا، “شاید جذبات ایسے نہیں رکتے، مگر تمہارے لیے میں کوشش کروں گا۔”
ملالہ یوسفزئی اور عصر ملک نے 2021 میں برمنگھم، انگلینڈ میں سادہ نکاح کیا تھا۔ ان کی نئی کتاب “فائنڈنگ مائی وے” کو شائع کر رہا ہے، جس میں ملالہ نے اپنی ذاتی، تعلیمی اور جذباتی زندگی کے اہم اور غیر معمولی پہلوؤں کو پہلی بار دنیا کے سامنے رکھا ہے۔