راولپنڈی
ہمارے کیخلاف کنٹونمنٹ بورڈ میں شکایت کیوں لگادی ۔۔ راولپنڈی میں بااثر گودام مالکان نے شہری کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کی ہولناک ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
متاثرہ شہری حارث نے رہائشی علاقہ گوالمنڈی میں قائم گوداموں کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کنٹونمنٹ بورڈ میں شکایت درج کرائی تھی، جس پر بورڈ نے گوداموں پر بھاری جرمانے عائد کیے۔ اس شکایت کے بعد گودام مالکان نے حارث کو اغوا کر کے برہنہ کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے شہری کو زنجیروں اور رسیوں سے باندھ کر پلاسٹک کے پائپوں، ڈنڈوں، لاتوں اور گھونسوں سے وحشیانہ تشدد کیا۔ متاثرہ شہری کو زمین پر گھسیٹا گیا جبکہ ملزمان کے ہاتھوں میں آتشیں اسلحہ بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ عیدگاہ کے قریب گودام والی گلی میں پیش آیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں دفعات 506، 148 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔
متنِ مقدمہ کے مطابق ویڈیو میں ملک جنید نامی مرکزی ملزم سمیت 17 افراد کو شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس نے ویڈیو کو بطور ثبوت USB میں محفوظ کر لیا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق واقعے کے دوران گلی میں چیخ و پکار سنائی دیتی رہی اور پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ کسی بھی شہری پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ امن و امان کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے اور تفتیشی ٹیم کو مکمل رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہری حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی شہری قانون ہاتھ میں لینے کی جرات نہ کرے۔