لندن میں جموں کے شہداء کی یاد میں کل جماعتی کانفرنس
لندن کے علاقے لوٹن میں کشمیر کیمپنگ گلوبل کے زیر اہتمام جموں کے شہداء کی یاد میں ایک کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت تنظیم کے چیئرمین ظفر قریشی نے کی، جو مقبوضہ جموں و کشمیر کے شمالی علاقے بارہمولہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
کانفرنس میں کونسلرز، میئرز، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، پروفیسروں اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے 6 نومبر 1947 کے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، جنہیں پاکستان کی جانب ہجرت کے دوران قتل عام کا نشانہ بنایا گیا۔
مقررین نے کہا کہ یہ ایک منظم نسل کشی تھی جسے تاریخ میں بہت کم یاد کیا گیا، اور مجرموں کو نہ سزا ملی اور نہ ہی انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے ناجائز قبضے کے خاتمے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل پر آمادہ نہیں۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قابض بھارتی افواج کے مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں امن پسند اور انصاف پسند قوتوں کو تحریکِ آزادی کشمیر کے ساتھ متحد کیا جائے گا۔
تقریب میں سابق میئر لوٹن محمد ریاض بٹ، پروفیسر ممتاز بٹ، سابق میئر سلاؤ امجد عباسی، سابق میئر طاہر ملک، اسلم خان، سابق میئر وحید اکبر، پروفیسر امتیاز چوہدری، ادریس لطیف، انور ملک، ظہور احمد، اظہر خان، راجہ ظفر الحق، یعقوب خان، ملک غلام محی الدین، مہربان ملک، آصف چوہدری، خورشید مغل، حاجی اشتیاق چوہدری، آزاد ملک، ڈاکٹر اے لون، اسرار راجہ، سید صفدر بخاری اور آصف شریف سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔