اسلام آباد ۔۔
تحریک انصاف کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔وفاقی حکومت نے پارلیمانی محاذ پر پی ٹی آئی کی غیرسیاسی اور جارحانہ حکمتِ عملی روکنے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔ ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف بدزبانی ، ڈائس کے گھیرائو اور ہلڑ بازی پر ارکان کی رکنیت معطل ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی دونوں ایوانوں کے تقدس کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات اٹھائیں گے۔
قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان پیر یا منگل کو پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر کو خط ارسال کریں گے۔ خط میں پی ٹی آئی کو غیرجمہوری اور غیرقانونی طرزعمل پر ممکنہ کارروائی کے حوالے سے خبردار کیا جائے گا۔ سیدال خان ناصر پی ٹی آئی کو ایوان میں دی گئی رولنگ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کریں گے
ذرائع کے مطابق ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر ، ڈائس کے گھیرائو ، گالم گلوچ اور بانی کی تصاویر ایوان پر لانے والے پی ٹی آئی ارکان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ پی ٹی آئی کے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ بننے سے اجتناب کی بھی ہدایت کی جائے گی
قائمقام چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ ریاست اور اداروں کے خلاف پی ٹی آئی کا شرمناک رویہ ناقابل برداش ہے میری رولنگ سیاسی نہیں ، آئین و قانون کا واضح تقاضا تھی اپنی رولنگ کی روشنی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر کو باضابطہ خط لکھوں گا ، تحریری خط کی کاپی تمام پارلیمانی لیڈروں کو بھی بھجوائی جائے گی ۔اداروں پر حملہ، تنازع اور انتشار پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں ہوگی ، رولنگ پر سختی سے عملدرآمد ہوگا، کوئی رعایت نہیں ہوگی ۔اب تک برداشت کیا ، آئندہ خلاف ورزی پر سینیٹرز کی رکنیت معطل ہوگی تسلسلِ خلاف ورزی پر رکنیت طویل مدت کے لیے بھی معطل ہو سکتی ہے ۔