اسلام آباد متاثرین الائنس اور تحفظِ کشمیری مہاجرین کمیٹی کا مشترکہ جدوجہد کا اعلان
اسلام آباد ۔۔
اسلام آباد متاثرین الائنس کے وفد بشارت خان،کاشف قریشی،غلام مصطفیٰ نے گولڑہ شریف میں مقیم کشمیری کمیونٹی کے قاسم کھوکھر کی میزبانی میں معززین سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں تنظیموں نے اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر چلنے اور سی ڈی اے (CDA) سے اپنے مطالبات منوانے تک جدوجہد جاری رکھنے کا پختہ عزم ظاہر کیا۔
اسلام آباد متاثرین الائنس کے قائدین نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے کشمیری مہاجرین کو الاٹ کی گئی زمین ان کا قانونی اور اخلاقی حق ہے۔ اس حق سے محرومی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
تحفظِ کشمیری مہاجرین کمیٹی نے اسلام آباد متاثرین الائنس کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے ان کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں گروہ اب ایک پلیٹ فارم سے اپنی آواز ایوانوں تک پہنچائیں گے۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جب تک متاثرین کو ان کا حق نہیں مل جاتا، وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ وعدوں کے مطابق الاٹ شدہ زمینوں کا قبضہ اور حقوق فوری فراہم کرے۔
ہم اسلام آباد متاثرین الائنس کے مشکور ہیں جنہوں نے ہماری آواز کو اہمیت دی۔ یہ صرف زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ہماری پہچان اور بقا کا مسئلہ ہے۔ ہم اپنے حقوق لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں کمیٹیوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ بہت جلد ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دیں گی جو قانونی چارہ جوئی اور احتجاجی لائحہ عمل کو حتمی شکل دے گی۔ اسلام آباد متاثرین الائنس نے یقین دلایا کہ وہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر فورم پر کھڑے ہوں گے۔