امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان
راولپنڈی ۔۔ مقصود منتظر
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ن لیگ کوکاری گری کرکے مسلط کیا گیا ۔۔ پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ فارم سینتالیس والوں نے بنایا ۔ دھرنا پنجاب بلدیاتی ایکٹ کے خلاف ہے ۔۔ کالے قانون سے ادارے حکومت کے تابع ہوجائیں گے ۔۔ جمہوری اقدارکوبچانے کے لئے جہدوجہد کرنی ہے ۔۔
راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی قانون عوامی اختیار چھیننے والا کالا قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت فارم 47 سے مسلط ہے اور عوام کے نمائندوں کے اختیارات محدود کیے گئے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر عوام براہ راست ناظم اور چیئرمین منتخب نہیں کر سکتے۔ ہارس ٹریڈنگ سے عوامی نمائندگی ختم ہو رہی ہے۔ آئین پاکستان آرٹیکل 140 اے کے مطابق اختیارات منتقل ہونے چاہئیں مگر یہ عمل نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تین کروڑ سے زائد بچے اسکول سے باہر ہیں اور صحت و تعلیم کے مراکز آؤٹ سورس کیے جا رہے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں سستا تیل ہونے کے باوجود پٹرولیم لیوی اور ٹیکس بڑھائے جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ 15 جنوری کو پورے پاکستان میں عوامی ریفرنڈم ہوگا، جس میں کروڑوں عوام سے رائے لی جائے گی۔ نوجوانوں کو شامل کر کے کارنر میٹنگز، بنو قابل پروگرام اور دیگر عوامی تحریک جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبر اور بلوچستان اسمبلیوں کی طرف عوامی مینڈیٹ کے بعد مارچ کیا جائے گا اور یہ تحریک جاگیردار و وڈیروں کے نظام کے خلاف ہے۔