پاکستان نے برطانیہ میں ہونے والی حالیہ پاکستان مخالف سرگرمیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمیشن کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈی مارش کیا ہے۔
اسلام آباد: پاکستان نے برطانیہ میں ہونے والی حالیہ پاکستان مخالف سرگرمیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمیشن کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈی مارش کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا، جہاں انہیں پاکستان کے شدید تحفظات سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا۔ ڈی مارش برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ہونے والے احتجاج اور برطانوی سرزمین سے پاکستان کی سول و عسکری قیادت کے خلاف دیے گئے اشتعال انگیز بیانات کے تناظر میں کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان واقعات کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے اور اس حوالے سے برطانوی حکام کے سامنے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ پاکستان نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کو یقینی بنائے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی قیادت، ریاستی اداروں اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیز سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، تاہم ان تعلقات کا تقاضا ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری اور داخلی معاملات کا احترام کریں۔