اسلام آباد ۔۔
وفاقی حکومت نے بانی پاکستان قائداعظم اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی زندگیوں پر مبنی ایک ارطغرل طرز ڈرامہ بنانے کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کا انکشاف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ اور ثقافت کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سیدہ نوشین افتخار نے کی۔
اقبال اکیڈمی کے ڈائریکٹر نے کمیٹی کو بتایا کہ علامہ اقبال کے نواسوں کے انٹرویوز شروع ہو چکے ہیں اور فروری کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے۔ کمیٹی نے منصوبے کے تحت اقبال کے خاندان کے افراد سے ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ ارطغرل ایک تاریخی اور اسلامی پس منظر پر مبنی مشہور ترک ٹی وی سیریز ہے، جو 13 ویں صدی کے عظیم مسلمان رہنما ارطغرل غازی کی جدوجہد، قربانی اور قیادت کو اجاگر کرتا ہے، جو سلطنتِ عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کے والد تھے۔ یہ سیریز نہ صرف ترکی بلکہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں بے حد مقبول ہوئی۔ ڈرامے نے نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
قائمہ کمیٹی اجلاس میں قائد اعظم اور علامہ اقبال پر ڈرامہ سیریز بنانے سمیت دیگر ورثہ جاتی منصوبے بھی زیر غور آئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ثقافت اور ورثے کے حوالے سے سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں خاصی فعال ہیں۔ اس سلسلے میں چھ فروری کو عالمی مجسمہ نمائش منعقد کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں شکرپڑیاں کے قریب نئے قومی عجائب گھر کی تعمیر سے متعلق پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔ سیکریٹری قومی ورثہ نے بتایا کہ قومی عجائب گھر کی تعمیر کے لیے شکرپڑیاں کے قریب زمین حاصل کر لی گئی ہے تاہم فنڈز واپس لے لیے جانے کے باعث منصوبہ اگلے سال تک مؤخر ہو گیا ہے۔