دوحا
سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی کی قیادت میں ایک وفد نے دورہ قطر کے دوران انٹرنیشنل مسلم اسکالرز ایسوسی ایشن کے سربراہ، عالم اسلام کی جلیل القدر علمی شخصیت علامہ ڈاکٹر محی الدین علی قراداغی کیساتھ ان کے ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ملاقات میں فلسطین اور جموںو کشمیرکے حل طلب دیرینہ تنازعات اور امت مسلمہ کو درپیش دیگر شدید مشکلات پر سنجیدہ اور بامقصد گفتگو کی گئی۔
عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری نفرت انگیز پالیسیوں اور درپیش سخت حالات کے نتیجے میں مسلمانوں کے وجود اور کشمیری عوام کے تشخص کو لاحق خطرات سے علامہ ڈاکٹر محی الدین علی قراداغی کو باخبرکیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان سلگتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے عالم اسلام کو اجتماعی بصیرت اور مشترکہ حکمت عملی کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ان کی حمایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مزیدموثر پشتیبانی کی درخواست کی ۔علامہ ڈاکٹر محی الدین علی قراداغی نے فلسطین اور جموں وکشمیر کو پوری انسانیت کا مشترکہ المیہ قرار دیتے ہوئے اپنے پلیٹ فارم سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور دورہ آزاد کشمیرکی دعوت قبول کی ۔ ملاقات میں قدرتی آفات کے مواقع پر قطری حکومت، عوام اور فلاحی اداروں کی طرف سے دی جانیوالی ا مداد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا اور مسلم دنیا کے معاملات میں قطر کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اس کے استحکام کو امت کی اجتماعی ذمہ داری قرار دیا گیا۔
وفد میں معروف کشمیری رہنما اور ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی نذیر احمد قریشی نےپانچ اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی، سنگین صورتحال اور کشمیری عوام کی شناخت کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں محمد ادریس اور ندیم قریشی بھی موجود تھے۔