وفاقی دارالحکومت میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مذہبی عبادت گاہوں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی دارالحکومت میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مذہبی عبادت گاہوں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق اسلحہ لائسنس کسی فرد، عالم یا خطیب کے نام پر جاری نہیں کیا جائے گا بلکہ متعلقہ مسجد یا امام بارگاہ کی انتظامی کمیٹی کے نام پر جاری ہوگا۔ محکمہ اوقاف کے زیر انتظام چلنے والی مساجد کے اسلحہ لائسنس محکمہ اوقاف اور مسجد کونسل کے نام سے جاری کیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس کے حصول کیلئے متعلقہ مسجد اپنی کمیٹی کے ذریعے باقاعدہ درخواست جمع کرائے گی، جس کی مکمل سکروٹنی کی جائے گی۔ سکروٹنی کے بعد پولیس حکام مسجد یا امام بارگاہ کا دورہ کرکے سکیورٹی صورتحال اور اسلحہ لائسنس کی ضرورت کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
حکام کے مطابق کسی بھی مسجد کو کتنے اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں گے، اس کا حتمی فیصلہ پولیس کی رپورٹ اور سکیورٹی اسسمنٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مذہبی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنا ہے۔