اسلام آباد میں بغیر اجازت افطار دسترخوان لگانے پر پابندی عائد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عوامی مقامات پر بغیر اجازت افطار دسترخوان لگانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے واضح کیا ہے کہ شہر بھر میں کوئی بھی شخص یا تنظیم ضلعی انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر پبلک مقامات پر افطار دسترخوان نہیں لگا سکے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق عوامی مقامات پر افطار دسترخوان کے انعقاد کے لیے ڈی سی آفس میں باقاعدہ رجسٹریشن کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ رجسٹریشن کے بغیر افطار تقسیم کرنے یا
دسترخوان لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خان ہیں تو جیل میں لیکن سہولیات فائیو سٹار ہوٹل جیسی، رپورٹ سامنے آگئی
عرفان نواز میمن نے بتایا کہ اب تک 20 افراد اور تنظیمیں ضلعی انتظامیہ کے پاس رجسٹریشن کروا چکی ہیں اور صرف وہی مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت دسترخوان کا انعقاد کر سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افراد نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کروائی لیکن وہ افطار دسترخوان لگانا چاہتے ہیں، وہ پیشگی اجازت کے لیے ڈی سی آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام شہر میں سیکیورٹی، ٹریفک کی روانی اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔