اسلام آباد
دی مائنڈ ڈاٹ پی کے
صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بڑھتی قیمتوں کے اثرات کم کرنے، ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صدر نے اقتصادی منصوبہ بندی، توانائی اور خوراک کی سکیورٹی میں ہم آہنگی کے ساتھ فیصلے کرنے اور عوامی آگاہی مہم پر زور دیا۔۔
ایوانِ صدر میں اقتصادی، توانائی اور خطے کی صورتحال پر منعقدہ توسیعی مشاورتی اجلاس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی قیادت سمیت وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تیل و گیس کی فراہمی کے دباؤ، بڑھتی توانائی کی قیمتوں اور خطے کی بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی خصوصاً بنیادی اشیاء اور خدمات پر بڑھتی قیمتوں کے اثرات کم سے کم ہوں۔
اجلاس میں صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے عوام پر قیمتوں کے دباؤ کم کرنے، ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ عالمی بحران کے باوجود ایندھن کی فراہمی میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں اور موجودہ اسٹاک ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اجلاس کو ملکی اور بین الاقوامی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جس میں ترکی، سعودی عرب، مصر اور دیگر متعلقہ ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ روابط شامل تھے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے اور بچت شدہ فنڈز عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
صدر نے عوام کی فلاح کو ترجیح دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اقتصادی منصوبہ بندی، توانائی کی فراہمی، خوراک کی سکیورٹی اور سکیورٹی اقدامات میں ہم آہنگی کے ساتھ فیصلے کیے جائیں، اور عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ اور مشترکہ سواری استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے تاکہ توانائی کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔