اسلام آباد میں بائکیا اور ٹیکسی ڈرائیورز کی رجسٹریشن لازمی قرار
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بائکیا اور ٹیکسی سروس چلانے والے ڈرائیورز کی رجسٹریشن کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی ایپ سے نظام کو اسلام آباد پولیس کی ٹیکسی ویریفیکیشن ایپ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ڈرائیورز اور مسافر دونوں با آسانی اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کر سکیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ڈرائیورز کے لیے گاڑی یا موٹر سائیکل پر کیو آر کوڈ نمایاں طور پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔ شہری اس کوڈ کو اسکین کر کے فوری طور پر ڈرائیور کی شناخت اور رجسٹریشن کی تصدیق کر سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت ڈرائیورز کو ہر سواری اور سفر کی بنیادی معلومات بھی ایپ کے ذریعے فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔
ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد پولیس کی ٹیکسی ویریفیکیشن ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کے سفر کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بغیر رجسٹرڈ بائکیا یا ٹیکسی پر سفر کرنے سے گریز کریں۔