پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد
اسلام آباد
دی مائنڈ ڈاٹ پی کے
آزاد کشمیر میں اس سال ہونے والے انتخابات ابھی سے بڑی اہمیت اختیار کرنے لگے ۔ تمام سیاسی پارٹیاں خود کو منوانے کیلئے اور آمدہ الیکشن میں جیت کیلئے پاسیبلیٹیز ڈھونے لگیں ۔ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام نے بھی آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت شروع کردی ہے ۔
اسلام آباد میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی ۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر ہونے والی ملاقات میں چئیرمین پیپلزپارٹی کے ساتھ راجہ پرویز اشرف، سید نیئر بخاری، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین، جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا اسعد محمود اور سینیٹر کامران مرتضی بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال اور اہم قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں حساس سیاسی امور پر کھل کر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان ممکنہ انتخابی اتحاد پر بھی سنجیدگی سے غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے دونوں جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو ممکنہ اتحاد کی مزید تفصیلات کو حتمی شکل دے گی۔