اسلام آباد ،،، دی مائنڈڈاٹ پی کے
کشمیر جرنلسٹس فورم کی منتخب باڈی کے زیر اہتمام ممبران اور ان کی فیملیز کے اعزاز میں راولپنڈی پریس کلب میں ایک پروقار اور شاندار عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں فورم کے عہدیداران اور ممبران نے بڑی تعداد میں اپنی فیملیز اور بچوں کے ہمراہ شرکت کرتے ہوئے تقریب کو چار چاند لگا دئیے ۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، قاسم اقبال نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی جبکہ ممبر ایگزیکٹیو باڈی اور مشہور شاعراللہ داد صدیقی نے ممبران کی شان میں نظم پیش کی۔ تقریب میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے سابق صدور ، ریاستی اخبارات کے چیف ایڈیٹرز ، ایڈیٹرز، پرنٹ ،الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، صحافی خوشگوار ماحول میں خوش گپییوں میں مصروف رہے اور سیاست اور صحافت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے رہے ، بحث و تکرار کیساتھ دن بھر قہقے بلند ہوتے رہے جبکہ وقفے وقفے سے فوٹو گرافی کا سلسہ بھی جاری رہا۔کشمیر جرنلسٹس فورم کے ممبران کی پُر تکلف مینیو اور لائیو باربی کیو کیساتھ تواضع کی گئی۔۔
فورم کے عہدیدراران صدر عرفان سدوزئی ، سنئیر نائب صدر اقبال اعوان ، سیکرٹری مقصود منتظر ، نائب صدر خالد شاہ ، سیکرٹری مالیات سردار عمران اعظم ،سردار طلحہ جاوید ، اللہ داد صدیقی ، لیاقت مغل ، احسن راجہ ، راجا خرم، ظہور عالم اورقاضی صغیر نے میزبانی کے فرائض سر انجام دئیے ۔
تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں نے کشمیر جرنلسٹس فورم کی منتخب باڈی کے تمام عہدیداران کی جانب اس یاد گار محفل کے انعقاد کو خوب سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات ہی ریاست جموں و کشمیر کی تمام اکائیوں پر مشتمل اس فورم کاحقیقی حسن ہیں، ہمارے دکھ اور خوشیاں سانجھی ہیں اور انہیں مل کر منانے کی روایت قابل تقلید ہے۔ یہی درخشاں روایات کشمیر جرنلسٹس فورم کو دوسری صحافتی تنظیموں سے منفرد اور ممتازبناتی ہیں۔
کشمیر جرنلسٹس فورم کے عہدیدارن نے نے اس حوصلہ افزائی پر اپنے تمام معززممبران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی تقریب کی کامیابی کا مکمل دارومدار ممبران کی شرکت پر منحصر ہوتاہے ، ہمارے سینئیر ممبران اس حوالے سے خصوصی مباکباد کے مستحق ہیں کہ وہ اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر ہر تقریب میں پہنچتے ہیں ۔فورم عہدیداران نے اس عزم کا بھی اظہارکیا کہ انشاء اللہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کا رلاتے ہوتے وہ ممبران کی فلاح و بہبود اور خدمت کا یہ سفر جاری وساری رکھیں گے اور اپنی مدت کے اختتام پر ایک بہتر، متحرک اور بھرپور انداز میں فعال فورم نئے دوستوں کے حوالے کرکے جائیں گے ۔۔
تقریب کے اختتام پر سینئر نائب صدر محمد اقبال اعوان نے اجتماعی دعاکی جس میں فورم کے مرحوم ساتھیوں اطہر مسعود وانی، جہانگیر گردیزی، رفیق صدیقی اور شجاع الرحمان کیساتھ جملہ ممبران کے والدین اور عزیزو اقارب کے درجات کی بلندی اور بیماروں ممبران اور اہلخانہ کے لیے صحت یابی کی دعا کی گئی۔ اس موقع شہدا کشمیرکو ان کی لازوال قربانیوں اور استقامت پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی ، ایک لاکھ سے زائد شہدا ءاور فورم کے ممبران کے مقبوضہ جموں کشمیر میں فوت ہونے والے لواحقین کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔