
اسلام آباد، … روشن دین دیامری
÷ معروف سائنسدان اور محقق پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو گملییوف یوریشین نیشنل یونیورسٹی (ای این یو) آستانہ، قازقستان کی جانب سے اعزازی پروفیسر کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز ایل این کے ریکٹر کی جانب سے ان کی گزشتہ تین دہائیوں کے دوران قازق طلباء کی تحقیق اور تربیت میں شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ایوارڈ کی تقریب میں پروفیسر چوہدری کی سائنسی برادری پر اثرات اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ پروفیسر چوہدری الفارابی قازق نیشنل یونیورسٹی سے ڈاکٹر آف سائنس کی ڈگری کے حامل ہیں، جو قازقستان کے ساتھ ان کے دیرینہ تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
ای این یو کے حالیہ دورے کے دوران، پروفیسر چوہدری نے فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کے ڈین اور مختلف شعبوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں کیمسٹری، جنرل بائیولوجی، جینومکس، بائیو ٹیکنالوجی، اور مائیکرو بیالوجی شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں یونیورسٹی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان تحقیقی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ، پروفیسر چوہدری نے دو اہم لیکچرز بھی دیے، جن میں نئی ادویات کی دریافت پر اپنی تحقیق کو پیش کیا، خاص طور پر نظر انداز کیے جانے والے امراض اور نیوروڈیجنریٹیو حالات پر۔ ان لیکچرز کو فیکلٹی اور طلباء کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی، جس سے ای این یو اور عالمی سائنسی برادری کے مابین علم کے تبادلے کو مزید تقویت ملی۔