
اسلام آباد ،۔۔۔ مقصود منتظر
نیلم جہلم ہائیڈرل منصوبےکی ٹنل کی خرابی دور کرنے کیلئے 23 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پانچ سو ارب روپے کی خطیر لاگت سے تیار ہونے والے منصوبے کی خرابی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کردیا گیا ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی بحالی کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلہ کیا گیا ۔
اعلامیہ کے مطابق گزشتہ 6 ماہ سے 969 میگاواٹ کا نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ بند پڑا ہے۔ منصوبہ مئی 2024 سے ٹنل خرابی کے باعث بند پڑا ہے۔ ٹنل کی خرابی دور کرنے کیلئے 23 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ کمیٹی کو منصوبےکے خراب حصے کی مرمتی لاگت کا تخمینہ عالمی ماہرین نے دیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کو جلد بازی میں شروع کیا گیا تھا۔ بجلی منصوبے کی تعمیری لاگت کا تخمینہ 80 ارب سے شروع ہوا تھا، منصوبہ 500 ارب روپے میں مکمل ہوا۔ اپنی تعمیر کے بعد پن بجلی منصوبہ تین بار خرابی کا شکار ہو چکا ہے، فنانشل کلوز اور پی سی ون ترتیب دیے بغیر نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ شروع کیا گیا، منصوبے کا بحالی پلان، لاگت اور وجوہات پر رپورٹ فراہم کی جائے۔ وفاقی وزیر نے نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی خرابی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے واپڈا کو ہدایات جاری کردی ہیں ۔۔۔