
ریاض :
سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی ،جو آج کل سعودی عرب کے دورے پر ہیں ،نے ریاض میں ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ کے ہیڈ کوارٹر میں تنظیم کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر صالح بابیر کیساتھ تفصیلی ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں عبدالرشید ترابی نے وامی کا سکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر ڈاکٹر صالح بابیرکو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحا ل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کی مودی حکومت نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی تیزی سے اقدامات کررہی ہے ،وہیں اب مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحت کے نام پرکشمیری عوام کی اسلامی شناخت ،تہذیبی اور ثقافتی ورثے پر حملہ آور بھی ہے،جس کی تازہ مثال 07مارچ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں عریاں فحش شو کا انعقاد ہے،جس میں مسلمانوں کے مقدس مہینے کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے جہاں فحاشی کا بدترین مظاہرہ کیا گیا ،وہیں ڈی جے پر موسیقی اور شراب نوشی جاری تھی۔انہوں نے وامی کے سکریٹری جنرل کو مودی کے خطرناک اقدامات اور عزائم سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے آزادکشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر میں مصیبت زدہ مسلمانوں کی مسلسل خدمات بالخصوص زلزلہ ذدگان کی بحالی اور تعمیرنو پر وامی اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہارکیا کہ ان کی قیادت میں وامی شاندار خدمات کے تسلسل کو نہ صرف جاری بلکہ اس میں مزید جدت لائے گی۔
اس موقع پر وامی کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ مسلمان امت واحدہ ہیں، مشکلات میں کام آنا ہی دینی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھائی اورہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام براعظموں میں چالیس مراکز کیساتھ وامی فلاح وبہبود کی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور یہ سلسلہ ہم جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود، خیر خواہی اور کتاب وسنت کے اتباع میں ہے لہذا ہمارا فلاح وبہبود کے حوالے سے تعاون جاری رہے گا ۔ملاقات میں ڈاکٹر صالح بابیر کے مشیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر قاسم محمد الغریبی بھی موجود تھے۔