
اسلام آباد۔۔۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی پولین بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے اراکین اسمبلی بیٹھے ہیں، کون اپنے حلقوں میں جا سکتا ہے؟ جب تک ریاست اپنی پالیسیاں نہیں بدلتی بلوچستان کے حالات نہیں بدل سکتے۔ امن و امان بحال کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا بلوچستان کے تھانے بک گئے، بلوچستان کی شاہراہیں اس وقت بند ہیں۔ جنگ سرداروں کے ہاتھ سے نکل رہی ہے۔ وزیراعظم آج جلتی آگ پر تیل چھڑکیں گے، وزیراعظم نے ایک دن بھی بلوچ اراکین پارلیمنٹ سے نہیں پوچھا۔اب بھی وقت ہے، بلوچستان کے لوگ اپنے علماء اور اکابرین کی قدر کرتے ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے، بلوچستان کے لوگوں کی رائے لی جائے۔
پولین بلوچ نے پارلیمانی نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں اس پارلیمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔ ہزاروں کی تعداد میں بلوچ نوجوان بے روزگار اور محروم ہیں۔