
پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری لانے کا مشن۔۔۔ وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔۔ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں ممالک کے سربراہان نے خطے میں استحکام اور خوشحالی کیلئے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کو سراہا۔۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور اقتصادی امور کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری سے بھی ملاقات کی۔۔ جس میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، پاکستان میں مزید سعودی سرمایہ کاری لانے اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔۔
وزیراعظم نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی وسیع صلاحیت کواجاگر کیا۔۔ سعودی کاروباری اداروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
سعودی وزیر اور ٹاسک فورس کے سربراہ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف مدینہ منورہ بھی گئے۔۔جہاں گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نےایئرپورٹ پر استقبال کیا۔۔