
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایک غیر ملکی فوٹوگرافر نےسڑکوں کی صفائی کرنیوالی کم عمر خاتون کی ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور لڑکی راتوں رات مشہورہوگئی ۔
مین سومبونسیٹ نامی تھائی خاتون کی فلمی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب روسی فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوف نے اس 28 سالہ دو بچوں کی سنگل ماں کو بنکاک کی سڑکوں کی صفائی کرتے دیکھا۔ فوٹوگرافر نے مین کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر انھیں محسوس کروائے بغیر ان کی تصویر کھینچ لی، جس کے بعد فوٹوگرافر نے مین کو وہ تصاویر اور ویڈیو دکھاکر اس کی خوبصورتی کی تعریف کی، بعد ازاں اس ویڈیو کو اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کردیا جہاں سے یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی ۔
وائرل ہونے کے بعد مین کو مشہور تھائی میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے مفت میک اوور سیشن میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا جہاں تھائی میک اپ آرٹسٹ کے فن نے مین کو تھائی فلم آرٹ آف دی ڈیول 2 (لانگ کھونگ) کے کردار ’پانور‘ میں تبدیل کرکے لوگوں کو حیران کردیا اور مین کی تصاویر ایک بار پھر وائرل ہوگئیں، ان وائرل تصاویر نے مین کو اب کی بار ماڈلنگ کیرئیر کے آغاز میں مددکی۔