
برسلز ۔۔۔ آزاد کشمیر میں مقامی اخبار روزنامہ جموں و کشمیر پر ایف آئی آر کیخلاف عالمی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس ( آئی ایف جے) نے آزاد کشمیر حکومت سے روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف مقدمہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ فیڈریشن نے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر حملہ ناقابل قبول ہے۔
فیڈریشن نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر اخبار کے ایڈیٹر عامر محبوب اور عملے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا قابل تشویش ہے ۔
پی ایف یو جے نے بھی انتباہ کیا ہے کہ مقدمہ واپس نہ لیا گیا تو آزاد کشمیر بھر میں احتجاج ہوگا۔ آر آئی یو جے نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مقدمہ آزادی صحافت پر بزدلانہ حملہ ہے، صحافیوں کے خلاف مقدمات انسانی حقوق اور جمہوریت کی خلاف ورزی ہیں۔۔