
اسلام آباد: چوہدر آصف
کشمیر کمپین گلوبل کے سرپرستِ اعلیٰ نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا خواب تب ہی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب پاکستان ایک مضبوط، مستحکم اور مؤثر ریاست کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے۔
اسلام آباد میں یونائٹیڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن (یکجا) کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران نذیر احمد قریشی نے بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی محاذ پر کشمیریوں کی آواز بن کر ابھرا ہے، جس سے تحریکِ آزادی کو نئی تقویت ملی ہے۔انہوں نے 4 سے 10 مئی کے درمیان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کو پاکستان کی سفارتی و دفاعی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے پاکستان کی علاقائی اہمیت کو اجاگر کیا ہے اور بھارت کا نام نہاد سپر پاور بیانیہ بری طرح کمزور ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا یہ کامیابی کشمیری عوام کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنی ہے اورجدوجہدِ آزادی کو ایک نئی توانائی فراہم ہوئی ہے۔
نذیر قریشی نے آزاد جموں و کشمیر کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے تحریکِ آزادی کا "اصل بیس کیمپ” قرار دیا اور کہا کہ اس کردار کو مزید مؤثر بنانے کی اشد ضرورت ہے. انہوں نے کشمیری سیاسی و سماجی حلقوں میں اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا تاکہ اجتماعی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں۔