
اسلام آباد:راجا سعد
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ماس ریسلنگ ایتھلیٹ محمد سعد راجپوت عالمی چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں، جس کی بڑی وجہ اسپانسرز کی عدم دستیابی ہے۔ منگولیا میں ہونے والی ورلڈ ماس ریسلنگ چیمپئن شپ 2025 میں صرف دو روز باقی ہیں، مگر سعد کے لیے شرکت ممکن دکھائی نہیں دے رہی۔
سعد راجپوت نے بتایا کہ ان کے پاس ویزہ، دعوت نامہ اور تمام سفر کے انتظامات مکمل ہیں، لیکن اسپانسرشپ نہ ہونے کے باعث وہ پاکستان کی نمائندگی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
سعد راجپوت پاکستان کے وہ واحد ماس ریسلنگ ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے روس، ترکی، ازبکستان، قازقستان اور رومانیہ سمیت کئی ممالک میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور گولڈ، سلور اور برونز میڈلز جیتے۔ وہ نیشنل یوتھ ایوارڈ یافتہ اور پاکستان کے سب سے زیادہ انٹرنیشنل میڈلز جیتنے والے ماس ریسلر کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ایک دن میں دو انٹرنیشنل میچ کھیل کر افغان کھلاڑی نے منفرد ریکارڈاپنے نام کر لیا
سعد راجپوت کا کہنا ہے”میں نے ہمیشہ بغیر کسی سپورٹ کے اپنی محنت اور جذبے سے پاکستان کے لیے مقابلہ کیا” آج بھی میرا عزم وہی ہے۔ اگر اسپانسر شپ مل جائے تو میں منگولیا جا کر ایک بار پھر پاکستان کا پرچم بلند کر سکتا ہوں۔
سعد نے حکومت، کارپوریٹ اداروں اور کھیل سے محبت رکھنے والے افراد سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ”یہ لمحہ صرف ایک ایتھلیٹ کا نہیں، بلکہ پاکستان کے وقار کا ہے۔ ایک چیمپئن کو عالمی میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کا موقع دیا جائے۔”
اگر اسپانسر نہ ملا تو یہ نہ صرف ایک ایتھلیٹ کے خواب کی شکست ہوگی بلکہ پاکستان کے کھیلوں کے مستقبل پر بھی ایک سوالیہ نشان ہوگا۔