
غیرت کے نام پر قتل ہونے والی لڑکی کی پوسٹمارٹم رپورٹ سامنے آ گئی
راولپنڈی میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون کی قبرکشائی کرکے نمونے لے لئے گئے۔ پوسٹمارٹم میں لڑکی کو گلا دبا کر مارنے کی تصدیق ہو گئی ۔۔ پولیس نے گرفتار 6ملزمان کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ۔
سدرہ کو گلا دباکر قتل کیا گیا ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تصدیق ہو گئی۔۔۔ ذرائع کے مطابق لڑکی کے چہرے اور سر پر تشدد کے نشانات واضح تھے، جبکہ منہ نیلا پڑ چکا تھا۔۔
پوسٹ مارٹم کیلئے خاتون کی قبر کشائی راولپنڈی میں علاقہ مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئی۔۔قبر کشائی کے دوران میڈیکل ٹیم، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور پولیس بھی موجود تھی۔۔ ملزم گورکن راشد محمود نے علاقہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں قبر کی نشاندہی کی۔۔
ہولی فیملی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر نے لاش کے نمونے حاصل کیے، جو فرانزک ٹیسٹنگ کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے، ملزمان نے 16 اور 17 جولائی کی شب خاتون کو قتل کر کے صبح چھتی قبرستان پیرودھائی میں دفنا دیا تھا۔۔۔ تدفین کے بعد گورکن سمیت 25 افراد نے قبر کے شواہد مٹا دیے تھے۔۔۔
دوسری طرف پولیس نے گرفتار 6ملزمان کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ۔پولیس نے ملزمان کو عدالت پیش کرکے 7روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ۔ ملزمان میں جرگہ سربراہ عصمت اللہ خان،سسر محمد صالح عرف سلیم خان، والد عرب گل ، لڑکی کا مبینہ پہلا شوہر ضیاء الرحمن،بھائی ظفر اور چچا مانی خان شامل ہیں۔عدالت نے ملزمان کو دوبارہ تفتیشی پیش رفت رپورٹ سمیت یکم اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا۔۔