آزادکشمیر کی خونی سڑکیں مزید 7 قیمتی جانیں لے گئیں
آزادکشمیر کی خونی سڑکیں مزید قیمتی جانیں لے گئیں ۔۔ اس باردارالحکومت مظفرآباد کی ایک خستہ حال سڑک سات جانیں نگل گئی ۔ جہاں ایک مسافر وین کھائی میں جاگری اور سات مسافر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے
تفصیلات کے مطابق حلقہ نمبر چار مظفرآباد کے مقام پر ایک انتہائی اندو ناک حادثہ پیش آیا یہ حادثہ بھی روڈ کی ناقص تعمیر اور خستہ حالی کے سبب پیش آیا۔ حادثہ میں اب تک سات اموات ہو چکی ہیں، درجنوں افراد مرد خواتین و بچے ذخمی ہیں جو سی ایم ایچ مظفرآباد و ایمز ہسپتال میں زیر اعلاج ہیں جن میں سے کچھ کی حالات تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ شاہراہ یونین کونسل لنگرپورہ کے درجنوں دیہاتوں کو مظفرآباد شہر سے ملاتی ہے جن میں بانڈی تگیاں، دبن، کیسو سرکار ، کھیت، ست پیہالی، ریں کنٹی وغیرہ شامل ہیں، اس روڈ پر ہزاروں لوگ روز مرہ کا سفر کرتے ہیں، روڈ کی خستہ حالی اور ناقص تعمیر کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں جن میں بہت سی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے ۔
علاقہ مکینوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر تعمیرات عامہ، حلقہ منسٹر چوہدری رشید اور دیگر ارباب اختیار و محکموں سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملہ پر سختی سے نوٹس لیں، روڈ کی معیاری تعمیر و سیفٹی وال کا کام جلد سے جلد شروع کیا جائے تا کہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔ سڑکوں کی ناقص و غیر معیاری تعمیرات کرنے والے ٹھیکیداروں، اور محکموں کے ملوث حکام کے خلاف انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے کے جرم میں سنگین قانونی کارروائی کی جائے۔