ناسا کی نئی تصاویر، سورج اور زمین کا مستقبل کیا ہوگا؟
امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے حال ہی میں حیران کن تصاویر جاری کی ہیں، جو ہمارے سولر سسٹم کے ممکنہ مستقبل کی جھلک پیش کرتی ہیں۔
ان تصاویر میں ایک مرتے ہوئے ستارے کو دکھایا گیا ہے، جو اربوں سال بعد ہمارے سورج کے زمین کو نگلنے کے عمل کی نمائندگی کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تقریباً پانچ ارب سال بعد سورج اپنا ایندھن ختم کر دے گا، اپنی بیرونی پرتیں چھوڑے گا، اور زمین سمیت سولر سسٹم پر اثر ڈالے گا۔
یہ نئی تصاویر ہیلیکس نیبیولا کی ہیں، جو زمین سے تقریباً 650 لائٹ ائیر دور واقع ایک گیس اور گرد و غبار کا بادل ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ نیبیولا ایسے ستارے کے باقیات کی نمائندگی کرتا ہے جو ہمارے سورج جیسا تھا اور ہزاروں سال پہلے اپنا ایندھن ختم کر چکا تھا۔
ماہریں فلکیات نے اس مردہ ستارے سے نکلنے والے گیس کے حیرت انگیز حلقے میں شاندار اور پیچیدہ ڈھانچے دریافت کیے ہیں۔ یہ ڈھانچے ستاروں کی زندگی کے آخری مراحل کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔
ناسا کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر ہمیں ہمارے سورج اور سولر سسٹم کے مستقبل کی ایک جھلک فراہم کرتی ہیں اور سائنسدانوں کو ستاروں کی زندگی کے اختتام کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔